لاہور (بیورو رپورٹ) ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن ریٹائرڈ محمد علی اعجاز کی ہدایت پر لاہور ایئرپورٹ کے اطراف برڈ ہیزرڈ کے خاتمے کے لیے ہنگامی کریک ڈائون جاری ہے۔ فضائی حدود کو پرندوں سے پاک رکھنے کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں اور متعلقہ حکام متحرک ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق ایوی ایشن ضوابط کے تحت ایئرپورٹ کی حدود سے کبوتروں کے پنجرے ہٹا دیے گئے ہیں۔ راجہ پارک کے حساس مقام کو پرندوں سے پاک رکھنے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر چیکنگ کی جا رہی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ یزدانی روڈ پر واقع برڈ ہیزرڈ پوائنٹ کی ایل ڈبلیو ایم سی کے ذریعے صفائی کرائی گئی ہے۔ ایئرپورٹ کے اطراف تمام حساس پوائنٹس کی روزانہ نگرانی کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
ڈی سی لاہور نے ہدایت کی ہے کہ فضائی حدود کو پرندوں سے محفوظ بنانے کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جائے۔ کبوتروں کے پنجرے اور افزائش کی جگہوں کی صفائی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔
ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ فضائی حدود کی سلامتی اور مسافروں کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔ ایوی ایشن کے ضوابط پر سختی سے مکمل عمل درآمد جاری رکھا جائے گا۔


