لاہور (این این آئی) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ اکتوبر 2005 کے زلزلہ متاثرین کا دکھ آج بھی محسوس ہوتا ہے۔ انہوں نے آٹھ اکتوبر 2005 کے زلزلے کی مناسبت سے 21 ویں قومی یومِ استقامت پر اپنے پیغام میں یہ بات کہی۔
مریم نواز شریف نے زلزلہ متاثرین سے مکمل اظہارِ یکجہتی کیا اور جاں بحق افراد کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا۔ ہر فرد اس غیر معمولی زلزلے میں جاں بحق ہونے والوں کے دکھ کو محسوس کرکے افسردہ ہے۔
قیامت خیز گھڑی میں پاکستانی قوم کی ہمدردی، ایثار اور احساس کا جذبہ ناقابلِ فراموش ہے۔ زلزلے اور سیلاب کے دوران عوام کا اتحاد اور حوصلہ مندی قابلِ فخر قومی کردار ہے۔
ہر ریسکیو اور ریلیف آپریشن میں سکیورٹی اداروں اور ریسکیو 1122 کی خدمات قابلِ تحسین ہیں۔ قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے تمام اداروں کو ہر وقت تیار رہنا چاہیے۔
بروقت تیاری کے ذریعے انسانی جان و مال کو تباہ کن اثرات سے بچایا جاسکتا ہے۔
موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث آنے والے سیلاب، زلزلوں اور سموگ سے نمٹنے کے لیے مؤثر پالیسیاں ناگزیر ہیں۔ پنجاب نے تاریخ کے سب سے بڑے سیلاب کا سامنا کیا اور سب سے بڑا انخلا آپریشن کیا۔
اس دوران لاکھوں انسانی جانوں کے ساتھ مویشیوں کو بھی بچانے کا اعزاز حاصل ہوا۔
عوام کو قدرتی آفات سے محفوظ رکھنے کے لیے حکومت پنجاب کے تمام ادارے ہمہ وقت متحرک ہیں۔ قدرتی آفات کے دوران نقصان سے بچاؤ کے لیے پی ڈی ایم اے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا گیا ہے۔


