فائل فوٹو
فائل فوٹو
کراچی (این این آئی) ملک میں آٹھ اکتوبر دو ہزار پانچ کے زلزلے کی یاد میں الخدمت کراچی کی جانب سے آگاہی واک کا اہتمام کیا گیا۔ واک کا مقصد زلزلے کے شہداء کی یاد تازہ کرنا اور ہنگامی صورتحال میں نقصانات کم کرنے کا شعور بیدار کرنا تھا۔
واک ہیڈ آفس سے نیو ایم اے جناح روڈ تک نکالی گئی جس کی قیادت ایگزیکٹو ڈائریکٹر راشد قریشی نے کی۔ اس موقع پر منیر یعقوب، سرفراز شیخ اور رضاکاروں کی بڑی تعداد شریک تھی۔
راشد قریشی نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الخدمت ہر سال آٹھ اکتوبر کو قدرتی آفات میں استقامت کا قومی دن مناتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات کو روکا نہیں جا سکتا مگر عملی اقدامات سے نقصانات کم کیے جا سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ الخدمت کے پاس رضاکار اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے آلات موجود ہیں۔ انہوں نے لوگوں کو قدرتی آفات سے بچاؤ کی ٹریننگ دینے پر زور دیا۔


