اسلام آباد (این این آئی) وفاقی وزیرِ خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے تھائی لینڈ کے شہر بنکاک میں عالمی بینک گروپ اور آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاسوں کے موقع پر شرکت کی۔ انہوں نے 17ویں وی 20 وزارتی مکالمے میں شرکت کی اور پاکستان کے کلائمیٹ پراسپرٹی پلان کی تیاری میں تعاون کو سراہا۔
وزیرِ خزانہ نے مالیاتی ذمہ داری کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ملکی اور بیرونی مالیاتی گنجائش مضبوط بنانا ضروری ہے۔ ماحول دوست سرمایہ کاری کو متحرک کرنے کے لیے انہوں نے پاکستان کے پہلے گرین پانڈا بانڈ کا حوالہ دیا۔
وزیرِ خزانہ نے خبردار کیا کہ اقدامات کو محض اعلانات تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے لاس اینڈ ڈیمیج فنڈ کی مثال دیتے ہوئے وی 20 کے ایجنڈے کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔


