کوئٹہ(این این آئی) ڈپٹی اسپیکر بلوچستان صوبائی اسمبلی غزالہ گولہ نے کوئٹہ میں پاک فوج کے تربیتی طیارے کو پیش آنے والے حادثے کے نتیجے میں انسٹرکٹر پائلٹ میجر حسنین شہزاد ہمایوں اور اسٹوڈنٹ پائلٹ کیپٹن عبدالصمد کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اپنے تعزیتی بیان میں ڈپٹی اسپیکر غزالہ گولہ نے کہا کہ دونوں افسران کی شہادت ایک افسوسناک سانحہ ہے، جس پر پوری قوم سوگوار ہے۔
انہوں نے شہداء کی خدمات اور قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک و قوم کے لیے فرائض کی انجام دہی کے دوران جان کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر افسران ہمیشہ قوم کے دلوں میں زندہ رہیں گے۔
انہوں نے شہداء کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس دکھ کی گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہیں۔
ڈپٹی اسپیکر نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو اپنے جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، ان کے درجات بلند کرے اور لواحقین کو یہ ناقابلِ تلافی نقصان صبر و استقامت کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔
آمین۔


