کوئٹہ(این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات حیات خان اچکزئی نے کوئٹہ میں پاک فوج کے تربیتی طیارے کے افسوسناک حادثے میں میجر حسنین شہزاد ہمایوں اور کیپٹن عبدالصمد کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اپنے ایک تعزیتی بیان میں حیات خان اچکزئی نے کہا کہ وطنِ عزیز کے دفاع اور خدمات کے دوران پاک فوج کے دونوں جانباز افسران کی شہادت پر دلی صدمہ ہوا ہے۔
قوم اپنے ان بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی جنہوں نے فرض کی ادائیگی کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ وہ اس مشکل گھڑی میں شہید افسران کے غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔
حیات خان اچکزئی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے، انہیں جوارِ رحمت میں جگہ عطا کرے اور سوگوار خاندانوں کو یہ عظیم صدمہ برداشت کرنے کے لیے صبرِ جمیل عطا فرمائے۔


