لاہور (بیورو رپورٹ) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں گورنر راج یا ایمرجنسی کا نفاذ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے سیاہ کارناموں میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی جمہوری مینڈیٹ کو پامال کرنے کی کسی بھی کوشش کو جماعت اسلامی سختی سے مسترد کرتی ہے۔
منصورہ میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کو سیاسی انتشار کی طرف دھکیلنے کے بجائے عوام کے فیصلے کا احترام کیا جانا چاہیے۔
محمد جاوید قصوری نے کہا کہ انتظامی مسائل کا حل گورنر راج نہیں بلکہ آئین اور سیاسی مکالمے کے ذریعے نکالا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ملک پہلے ہی شدید سیاسی اور معاشی بحرانوں سے دوچار ہے۔
ایسے حالات میں صوبائی حقوق سے متعلق تنازعات پیدا کرنا قومی مفاد کے منافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی آئین کی بالادستی اور جمہوری نظام کے تحفظ کے لیے آواز اٹھاتی رہے گی۔


