بنکاک (انٹرنیشنل ڈیسک) وفاقی وزیرِ خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے تھائی لینڈ کے شہر بنکاک میں ورلڈ بینک گروپ اور آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاسوں کے موقع پر سعودی فنڈ برائے ترقی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلطان عبدالرحمن المرشد سے ملاقات کی۔
وزیرِ خزانہ نے سعودی عرب میں حالیہ واقعات کے دوران قیمتی جانوں کے ضیاع پر تعزیت کا اظہار کیا اور پاکستان کے لیے سعودی عرب کی دیرینہ معاونت پر شکریہ ادا کیا۔ اعلامیے کے مطابق انہوں نے پاکستان کی بہتر ہوتی ہوئی معاشی صورتِ حال اور بین الاقوامی سرمایہ منڈیوں تک دوبارہ رسائی کو اجاگر کیا۔
ملاقات میں تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ، نجی شعبے کی شمولیت مضبوط بنانے، دوطرفہ سرمایہ کاری کے تحفظ کے معاہدے پر پیش رفت اور آئل ریفائنریوں کی بہتری کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔
دونوں جانب سے سعودی فنڈ برائے ترقی کے تعاون سے جاری منصوبوں پر پیش رفت کو اطمینان بخش قرار دیا گیا اور نئے منصوبوں کی ایک جامع فہرست تیار کرنے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ سعودی فنڈ برائے ترقی نے اپنے دائر کار کے اندر پاکستان کی مسلسل معاونت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔


