لاہور (این این آئی) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبہ بھر میں صفائی کے نظام کو مؤثر بنانے کے لیے جامع صفائی کا مائیکرو پلان طلب کر لیا ہے۔ انہوں نے ستھرا پنجاب پروگرام کی مکمل پراگریس رپورٹ آئندہ ہفتے تک پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعلیٰ نے ایک ہفتے میں ورکرز اور مشینری کی کمی پوری کرنے کا حکم دیا ہے۔ صفائی کا بیٹ سسٹم نافذ کرنے اور غیر مؤثر نجی کمپنیوں کو فارغ کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں ستھرا پنجاب پروگرام کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
مریم نواز شریف نے ہدایت کی کہ ورکرز کو تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے قانونی راستہ نکالا جائے۔ کنٹریکٹرز کے ذمے واجبات کی سزا ورکرز کو نہیں دی جائے گی۔
اجلاس میں نادہندہ کمپنیوں سے ورکرز کے واجبات ریکور کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کام نہ کرنے والی نجی کمپنیوں کو فارغ کرنے کی ہدایت کی۔
ایک ہفتے کے اندر سرکاری سطح پر متبادل صفائی آپریشن فعال کرنے کا حکم بھی دیا گیا۔
پنجاب بھر میں ستھرا پنجاب کا بیٹ سسٹم سات روز میں نافذ کرنے کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی۔ اسی فیصد سے کم کارکردگی پر کمپنیوں کو وارننگ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔
پچاس فیصد سے کم کارکردگی پر متعلقہ کمپنیوں کو فارغ کرنے کی ہدایت کی گئی۔ وزیراعلیٰ نے ضلع چکوال میں صفائی کی بہتر صورتحال پر ڈپٹی کمشنر سارہ حیات کو سراہا۔


