فیصل آباد چیمبر کے صدر عارف احسان ملک کینیڈین ہائی کمیشن کے قونصلر ڈینیل آرسنالٹ کو شیلڈ پیش کر رہے ہیں۔ تصویر: فیصل آباد چیمبر
فیصل آباد (نیوز ڈیسک) کینیڈین ہائی کمیشن کے قونصلر ڈینیل آرسنالٹ نے کہا ہے کہ سرمایہ کاری کے فروغ اور تحفظ کے معاہدے کے تیسرے دور کے مذاکرات کے لیے کینیڈین وفد آئندہ ہفتے پاکستان آئے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ معاہدے کو 2027 تک حتمی شکل دے دی جائے گی۔
فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں کاروباری برادری سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کی تجارت میں اضافے کی گنجائش موجود ہے۔ زرعی اجناس، ڈیری، غذائی پراسیسنگ اور ماحول دوست ٹیکنالوجی میں تعاون بڑھایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے پاکستانی تحقیق اور ٹیکنالوجی کو تجارتی استعمال میں لانے پر زور دیا اور کہا کہ کینیڈا میں پاکستانی کاروباری برادری دونوں ملکوں کے تجارتی روابط مضبوط کرنے میں کردار ادا کر سکتی ہے۔
چیمبر کے صدر عارف احسان ملک نے فیصل آباد کو ٹیکسٹائل سرکلر سٹی بنانے، ٹیکسٹائل ویسٹ کی ری سائیکلنگ اور صنعتی پانی کے دوبارہ استعمال کے منصوبوں کے لیے کینیڈا کے تکنیکی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے پیش رفت کے سہ ماہی جائزے کی تجویز بھی دی۔
تقریب کے اختتام پر عارف احسان ملک نے ڈینیل آرسنالٹ کو چیمبر کی اعزازی شیلڈ پیش کی۔


