فائل فوٹو
لاہور پولیس نے رواں سال جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف کارروائیوں میں 2410 گینگز کے 5212 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف درج 34 ہزار سے زائد مقدمات ٹریس کر لیے ہیں۔
گرفتار ملزمان سے 88 کروڑ 96 لاکھ روپے سے زائد مالیت کا مال مسروقہ برآمد کیا گیا۔ برآمد ہونے والی قیمتی اشیاء اصل مالکان کے حوالے کر دی گئی ہیں۔
یہ بات ترجمان لاہور پولیس نے اپنے بیان میں کہی۔
ترجمان نے بتایا کہ برآمد شدہ مال مسروقہ میں 126 تولے سونا اور 72 گاڑیاں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 1622 موٹر سائیکلیں، 5869 موبائل فونز اور 69 لیپ ٹاپس بھی برآمد ہوئے۔
پولیس نے تمام قیمتی اشیاء ان کے اصل مالکان کے سپرد کر دی ہیں۔
سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کی گرفتاریاں موثر حکمت عملی کا نتیجہ ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ گرفتار گینگز کے سہولت کاروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
سی سی پی او نے مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیوں میں مزید تیزی لانے کی ہدایت بھی کی۔


