فائل فوٹو
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) اسلام آباد ہائیکورٹ نے ضبط شدہ سونے کی اینٹیں واپس نہ کرنے پر کلکٹر کو شوکاز نوٹس جاری کردیا۔ ضبط شدہ سونے کی اینٹوں کی واپسی سے متعلق کیس کی سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ میں ہوئی۔
عدالت نے سونے کی اینٹوں کے عوض تقریباً اڑتالیس لاکھ روپے کی ادائیگی کی پیشکش پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔ عدالت نے کلکٹر کو شوکاز نوٹس جاری کرکے دو ہفتوں میں جواب طلب کر لیا۔
جسٹس سردار اعجاز اسحاق اور جسٹس ارباب محمد طاہر پر مشتمل ڈویژن بینچ نے کیس سے متعلق حکم نامہ جاری کردیا۔ یہ توہین عدالت کی درخواست وقار النساء نامی شہری نے دائر کررکھی ہے۔
حکم نامے کے مطابق درخواست گزار کو سونے کی اینٹیں واپس کرنے کا حکم دیا گیا تھا، ان کے بدلے رقم ادا کرنے کا نہیں۔ درخواست گزار کے وکیل کے مطابق ادائیگی کے لیے سونے کی موجودہ قیمت کے بجائے سن دو ہزار تئیس کی قیمت مقرر کی گئی۔
عدالت نے اپنے حکم نامے میں کہا کہ درخواست گزار کو موجودہ قیمت کے مقابلے میں کم رقم ملنے کی کوئی تسلی بخش وضاحت نہیں دی گئی۔ عدالت نے متعلقہ حکام کے جواب کو غیر تسلی بخش قرار دیا۔
عدالت نے کیس کی مزید سماعت دو نومبر تک ملتوی کر دی ہے۔


