لاہور (بیورو رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ہڈیوں کی کمزوری کی بیماری، بچائو، تشخیص اور علاج کے بارے میں شعور اجاگر کرنا ضروری ہے۔
ورلڈ آسٹیوپوروسس ڈے پر اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ زندگی بھر کے لیے ہڈیوں کی حفاظت اور انہیں مضبوط بنانا سال 2026ء کا اس دن کا خصوصی تھیم ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہڈیوں کی کمزوری خاموش بیماری کہلاتی ہے کیونکہ ہڈی ٹوٹنے سے پہلے کوئی واضح علامات ظاہر نہیں ہوتیں۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ ہڈیوں کی مضبوطی کے لیے کیلشیم، وٹامن ڈی اور پروٹین سے بھرپور متوازن غذا کا استعمال کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب صوبے میں ہیلتھ انشی ایٹو مینجمنٹ کمپنی اور پینلڈ اسپتالوں کے ذریعے شہریوں کو مفت ہڈیوں اور جوڑوں کے امراض کا علاج فراہم کر رہی ہے۔ پیریوینشن پروگرام کے تحت مختلف بیماریوں سے بچائو، ابتدائی تشخیص اور عوامی آگاہی دی جا رہی ہے۔
مریم نواز شریف نے مزید کہا کہ خواتین اور بچوں کی صحت کے لیے محکمہ بہبودِ آبادی پنجاب اور مزدوروں کے لیے موبائل ہیلتھ یونٹس کے ذریعے بنیادی طبی اور غذائی مشاورت فراہم کی جاتی ہے۔


