فائل فوٹو
لاہور (این این آئی) ٹیکس ایڈوائزرز ایسوسی ایشن نے ٹیکس نظام میں بہتری کے لئے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی تنظیم نو کی تجویز دی ہے۔ ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ حتمی فیصلے سے قبل موجودہ ٹیکس نظام کی خامیوں کا ہر پہلو سے جائزہ لیا جائے۔
متعدد اصلاحاتی اقدامات کے باوجود مطلوبہ اہداف حاصل نہ ہونا اس امر کا تقاضہ کرتا ہے کہ مسائل کی بنیادی وجوہات کا تعین کیا جائے۔
ایسوسی ایشن کے صدر میاں عبد الغفار اور جنرل سیکرٹری خواجہ ریاض حسین نے مشترکہ بیان میں کہا کہ اصلاحات کے لیے تجربہ کار ٹیکس بارز، ماہرین اور کاروباری نمائندوں کو مشاورتی عمل میں شامل کیا جائے۔ ایک جامع اسٹڈی رپورٹ تیار کرائی جائے جس میں ٹیکس وصولی میں رکاوٹوں اور انتظامی کمزوریوں کا جائزہ لیا جائے۔
رپورٹ میں نظام کی کارکردگی کا غیر جانبدارانہ تجزیہ کرتے ہوئے طے کیا جائے کہ ایف بی آر کی اصلاح یا نئے ادارے کا قیام کس حد تک قابل عمل ہوگا۔ رہنماؤں نے کہا کہ محض نیا ادارہ قائم کرنے سے ٹیکس وصولی بہتر نہیں ہوگی جب تک تمام انتظامی خامیوں کو دور نہ کیا جائے۔


