راولپنڈی ویمن یونیورسٹی کی ایم فل کیمسٹری کی طالبات حمنہ مریم اور لائبہ شہزادی کے منصوبوں نے لاہور میں 14 اور 15 نومبر کو ہونے والے پنجاب انوویشن اینڈ ٹیکنالوجی ایکسپو میں پہلی اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔
اے پی پی کے مطابق پہلا انعام شہد اور جڑی بوٹیوں کے اجزا سے تیار کردہ زخم کی پٹی کے تحقیقی منصوبے کو ملا۔ پلاسٹک کی پیکنگ کے متبادل کے طور پر تیار کی گئی تحلیل پذیر شیٹ تیسرے نمبر پر رہی۔ دونوں منصوبے ڈاکٹر تنزیل اقبال کی نگرانی میں تیار کیے گئے۔
پہلی پوزیشن کے لیے پانچ لاکھ روپے اور تیسری پوزیشن کے لیے 75 ہزار روپے کا انعام دیا گیا۔ یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طیبہ ظریف نے طالبات کے لیے وظائف کا اعلان کیا۔


