کراچی (نیوز ڈیسک) ڈائریکٹر جنرل لائیوسٹاک سندھ ڈاکٹر حزب اللہ بھٹو نے کہا ہے کہ بے زبان جانوروں کی خدمت ایک عظیم ذمہ داری ہے۔ جانوروں کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے ساتھ ان کی مناسب خوراک اور نگہداشت بھی ضروری ہے۔
وہ آر سی اینیمل اسپتال کراچی میں ورلڈ اینیمل ڈے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ رواں سال پورے سندھ میں تقریبا چار کروڑ جانوروں کو ویکسین لگائی گئی ہے۔
اس اقدام سے صوبے میں دودھ اور گوشت کی پیداوار بڑھنے کی توقع ہے۔
تقریب کے اختتام پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ویٹرنری افسران میں شیلڈز تقسیم کی گئیں۔ اس موقع پر آر سی اینیمل اسپتال کے گیارہ ویٹرنری ڈاکٹروں کو موٹر سائیکلیں اور کٹس دی گئیں۔


