نارووال (بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ اسلام آباد پر چڑھائی کرنے والے کس کا ایجنڈا پورا کرنا چاہتے ہیں، دہشتگردی کا خاتمہ ہمارا قومی فریضہ ہے۔ نادرا رجسٹریشن کائونٹر کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کو امن، ترقی اور معاشی بحالی کی ضرورت ہے۔
ریاست میں قانون کی بالادستی ضروری ہے اور جرائم میں ملوث افراد کو قانون کا سامنا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اگر آپ نے جرم کیا تو کوئی لانگ مارچ آپ کو رہائی نہیں دلا سکتا۔
سیاسی انتشار اور فساد پھیلا کر دشمن کا ایجنڈا پورا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ پی ٹی آئی کے کارکن ملک دشمن عناصر کا آلہ کار بننے سے گریز کریں۔
حکومت نے خلوص کے ساتھ مذاکرات کے ذریعے مسئلہ حل کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معاشی بحالی، امن اور استحکام کے لیے سیاسی جماعتیں کردار ادا کریں۔
ہر دو سال بعد اسلام آباد پر چڑھائی کا اعلان کیا جاتا ہے۔ ملک میں انتشار پیدا کرکے کسی کو جیل سے نہیں نکالا جا سکتا۔
احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کو سیاسی لانگ مارچ نہیں بلکہ معاشی لانگ مارچ کی ضرورت ہے۔ پی ٹی آئی خیبر پختونخوا میں انتشار پیدا کرکے دہشت گردوں کو سہولت دے رہی ہے۔
ملک میں انتشار سے سرمایہ کاری نکل جاتی ہے اور مہنگائی بڑھتی ہے۔


