کراچی (بیورو رپورٹ) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے اعلان کیا ہے کہ اکتوبر کا پہلا ہفتہ اہل غزہ و فلسطین سے اظہار یکجہتی کے طور پر منایا جائے گا۔ یہ اعلان کراچی میں شاہراہ قائدین پر منعقدہ تاریخ ساز غزہ مارچ کے شرکاء سے خطاب کے دوران کیا گیا۔
امریکی پشت پناہی میں جاری اسرائیلی دہشت گردی کے خلاف ہزاروں افراد نے اس مارچ میں شرکت کی۔ مارچ کے آغاز سے قبل منعم ظفر خان کی قیادت میں ایک ریلی بھی نکالی گئی تھی۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی کی مہنگائی اور ٹیکسز کے خلاف تحریک جاری رہے گی۔ سات اکتوبر کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا حتمی اعلان کیا جائے گا۔
انہوں نے پاکستان، ترکی اور سعودی عرب کے دفاعی معاہدے کو خوش آئند قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس معاہدے میں ایران اور بنگلہ دیش کو بھی شامل کیا جائے۔
معاہدے کا بنیادی مقصد فلسطین کا تحفظ اور اسرائیلی جارحیت کا خاتمہ ہونا چاہیے۔ طوفان الاقصیٰ نے اسرائیل کے غرور کو خاک میں ملا دیا ہے اور حماس کی جدوجہد بالکل قانونی ہے۔
کراچی کے امیر منعم ظفر خان نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اہل کراچی فلسطینیوں کے دکھ درد میں برابر کے شریک ہیں۔ الخدمت فاؤنڈیشن نے عوامی تعاون سے دس ارب روپے کی امداد اہل فلسطین کو روانہ کی ہے۔
غزہ کے مفتی اعظم ڈاکٹر محمود یوسف الشوبکی نے بھی اجتماع سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے اسرائیلی مظالم کو عالمی سطح پر بے نقاب کیا ہے۔
مسجد اقصیٰ پوری امت مسلمہ کے ایمان کا اہم ترین حصہ ہے۔ جماعت اسلامی مائنارٹی ونگ کے صدر یونس سوہن ایڈوکیٹ نے بھی شرکاء سے خطاب کیا۔
سات اکتوبر کو حماس کے رہنما یحیٰ السنوار سے متعلق ایک خصوصی ڈاکومینٹری دکھائی جائے گی۔


