راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کویت کے وزیر دفاع شیخ عبداللہ علی عبداللہ السالم الصباح کی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفد نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
ملاقات میں کویت کی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل خالد درج سعد الشریعان بھی موجود تھے۔ اس موقع پر باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی اور دوطرفہ دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں جانب سے ادارہ جاتی روابط مزید مضبوط بنانے اور دفاعی تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کویتی وفد نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل صلاحیتوں اور خدمات کو سراہا۔ ملاقات میں پاکستان اور کویت کے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو دفاعی شراکت داری میں تبدیل کرنے کے عزم کی بھی تجدید کی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ملاقات علاقائی سلامتی اور استحکام کے فروغ میں معاون ثابت ہوگی۔


