کوئٹہ (بیورو رپورٹ) وزیر اعلیٰ بلوچستان کی مشیر برائے ترقی نسواں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے کہ موجودہ عالمی اور علاقائی حالات میں پائیدار امن اور معاشی استحکام کے لیے مؤثر سفارتکاری ناگزیر ہے۔ باہمی تعاون کے فروغ اور تنازعات کے پرامن حل کے لیے بامعنی مکالمے کو بنیادی اہمیت حاصل ہے۔
پاکستان کا ابھرتا ہوا سفارتی کردار خطے میں معاشی تعاون کے نئے امکانات پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ پائیدار ترقی کے لیے معاشرے کے تمام طبقات اور بالخصوص خواتین کی مؤثر شمولیت ضروری ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس کوئٹہ میں ایک صوبائی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس کانفرنس کا انعقاد انٹرنیشنل ریسرچ کونسل فار ریلیجس افیئرز نے کیا تھا۔
اس میں پاکستان پاورٹی ایلیوی ایشن فنڈ کا مالی تعاون بھی شامل تھا۔ تقریب کا اشتراک سینٹر آف ایکسی لینس آن کاؤنٹرنگ وائلنٹ ایکسٹریمزم بلوچستان کے ساتھ کیا گیا تھا۔
ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے مزید کہا کہ امن سازی اور تنازعات کے حل کے عمل میں خواتین کا کردار غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے۔


