اسلام آباد (صورتِ حال، نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے 70 من فی ایکڑ گندم پیدا کرنے والے کسانوں کو سراہتے ہوئے فی ایکڑ پیداوار اور کاشتکاروں کی آمدن بڑھانے پر زور دیا ہے۔
اے پی پی کی 3 نومبر کی رپورٹ کے مطابق وہ فاطمہ فرٹیلائزر کی تقریب سرسبز کی جیت سے خطاب کر رہے تھے، جس میں زیادہ پیداوار حاصل کرنے والے گندم کے کاشتکاروں کی کارکردگی کو سراہا گیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ معیاری بیج، کھاد کا متوازن استعمال اور جدید زرعی طریقے پیداوار بہتر بنانے میں اہم ہیں۔ انہوں نے نجی شعبے کی سرمایہ کاری کے فوائد کسانوں کی آمدن اور کھیتوں کی پیداوار میں نظر آنے کی ضرورت بیان کی۔
رانا تنویر حسین نے حکومت، تحقیقی اداروں، نجی شعبے اور کسانوں کے درمیان تعاون بڑھانے پر بھی زور دیا تاکہ جدید زرعی طریقوں اور تحقیق کے فوائد زیادہ کاشتکاروں تک پہنچ سکیں۔


