راولپنڈی (اسپورٹس ڈیسک) پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سری لنکا ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا میچ نو اکتوبر کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ شیڈول کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلے نو، گیارہ اور تیرہ اکتوبر کو راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔
سری لنکا کے آٹھ کھلاڑی اور پانچ آفیشلز اتوار کی شب راولپنڈی پہنچے تھے جبکہ مزید پانچ کھلاڑی پیر کی صبح پہنچے۔ سات اکتوبر کو دونوں ٹیمیں شام پانچ بجے پریکٹس کریں گی اور ٹریننگ سے قبل میڈیا سے گفتگو متوقع ہے۔
آٹھ اکتوبر کو دونوں ٹیمیں شام پانچ بجے ٹریننگ کریں گی جس سے قبل پاکستان کے کپتان صاحبزادہ فرحان اور سری لنکا کے کپتان کوسل مینڈس پری سیریز میڈیا کانفرنس میں شرکت کریں گے اور ٹرافی کی رونمائی بھی کی جائے گی۔
تمام میچز راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شام چھ بجے شروع ہوں گے جبکہ ٹاس شام پانچ بج کر تیس منٹ پر ہوگا۔ شیڈول میں کسی بھی تبدیلی سے پاکستان کرکٹ بورڈ میڈیا کو آگاہ کرے گا۔


