واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک)۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ووٹرز کو ترغیب دی ہے کہ وہ امریکی کانگریس کے وسط مدتی انتخابات میں بذریعہ ڈاک ووٹ ڈال سکتے ہیں۔
امریکی صدر کا یہ مؤقف ان کے سابقہ مؤقف میں بڑی تبدیلی ہے کیونکہ وہ پہلے میل اِن ووٹنگ کو انتخابی دھاندلی سے جوڑتے رہے ہیں۔ امریکی صدر نے وائٹ ہائوس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کے حامی انتخابات میں بذریعہ ڈاک ووٹ دے سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لوگ اپنی مرضی کے مطابق میل کے ذریعے یا ذاتی طور پر ووٹ ڈال سکتے ہیں۔ یہ بیان ایک انتخابی وڈیو کے بعد سامنے آیا ہے جو صدر ٹرمپ نے پوسٹ کی تھی۔
یہ فوری طور پر واضح نہیں ہو سکا کہ ٹرمپ نے اپنا مؤقف کیوں تبدیل کیا ہے۔ وہ اس سے قبل 2020 کے صدارتی انتخابات میں شکست کو دھاندلی کا نتیجہ قرار دیتے رہے ہیں۔
ایک حالیہ سروے کے مطابق ٹرمپ کی عوامی مقبولیت کی شرح 32 فیصد رہی ہے۔


