اسلام آباد (نیوز ڈیسک) اسلام آباد میں پہلے ہائی ٹیک خودکار بیز ویکس فائونڈیشن شیٹ مینوفیکچرنگ یونٹ کا افتتاح کر دیا گیا۔ وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بیز ویکس فائونڈیشن شیٹ مینوفیکچرنگ یونٹ شہد بانی کیلئے اہم پیش رفت ہے۔
رانا تنویر حسین نے این اے آر سی میں افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہد کی مکھیاں زرعی پیداوار اور غذائی تحفظ میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ جدید یونٹ کے قیام سے پاکستان میں شہد بانی کے شعبے کو فروغ ملے گا اور مقامی سطح پر سہولت ہوگی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کو ملک بھر کے شہد بانوں تک پہنچانا انتہائی ضروری ہے۔ پاکستان میں اعلیٰ معیار کے مختلف اقسام کے شہد کی پیداوار کی وسیع صلاحیت موجود ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی شہد کی عالمی منڈیوں تک رسائی بڑھانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ برآمدات میں اضافے کے لیے معیار، ٹریس ایبلٹی اور بہتر پیکیجنگ ناگزیر ہے۔
رانا تنویر حسین نے کہا کہ یورپ، جاپان اور شمالی امریکہ کی منڈیوں تک رسائی پاکستان کا ہدف ہونا چاہیے۔ شہد کی ویلیو ایڈیشن کے ذریعے کسانوں اور کاروباری طبقے کی آمدن بڑھائی جا سکتی ہے۔
انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ شہد بانی کو زرعی کاروبار کے طور پر اپنائیں۔ انہوں نے پاک ترکیہ دوستانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے تعاون کو سراہا۔


