اسلام آباد (نیوز ڈیسک) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے سیرت انڈوومنٹ فنڈ کے قیام کا اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے پیر کو تیسرے بین الاقوامی سیرت فیسٹیول کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے یہ اعلان کیا۔
قومی رحمت اللعالمین و خاتم النبیین اتھارٹی کے زیراہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ سیرت النبی ﷺ کی تعلیمات عالمی امن اور انصاف کیلئے رہنمائی فراہم کرتی ہیں۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ سیرت النبی ﷺ نے انصاف، باہمی احترام اور مکالمے کا درس دیا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ مذہبی اور سیاسی اختلافات کو مکالمے کے ذریعے حل کیا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے مشرق وسطیٰ میں قیام امن کے لیے بھرپور کردار ادا کیا ہے۔
نائب وزیراعظم نے مزید کہا کہ آج پاکستان کو امن کے قیام کے لیے کردار ادا کرنے والے ملک کے طور پر پہچانا جاتا ہے۔


