لاہور میں صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے انرجی سیکٹر سے وابستہ چین کی سرمایہ کار کمپنی پاوور چائنا کے وفد نے ملاقات کی۔ پیسک ہاؤس ڈیوس روڈ پر ہونے والی ملاقات میں پنجاب کے سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کے مواقع پر بات چیت کی گئی۔
چینی سرمایہ کار گروپ نے پنجاب کے سپیشل اکنامک زون میں انرجی سیکٹر میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی۔
ڈائریکٹر ساؤتھ ایشیاء ریجن مسٹر یاؤ چین یانگ نے کہا کہ ان کے گروپ نے پاکستان کے مختلف شعبوں میں بڑی سرمایہ کاری کر رکھی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی کمپنی بھاشا ڈیم پر بھی کام کر رہی ہے۔
انہوں نے پنجاب کے سپیشل اکنامک زون میں انرجی سیکٹر میں سرمایہ کاری کی خواہش کا اظہار کیا۔
صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین نے کہا کہ پنجاب کے سپیشل اکنامک زونز اب ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی پہلی ترجیح بن چکے ہیں۔ انہوں نے پیشکش کی کہ چینی گروپ پنجاب کے کسی بھی سپیشل اکنامک زون میں انرجی سیکٹر میں سرمایہ کاری کرے اور ہر ممکن سہولت دی جائے گی۔
صوبائی وزیر نے بتایا کہ پنجاب حکومت نہروں پر چھوٹے ہائیڈل پاور پراجیکٹس کی پلاننگ بھی کر رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری پر دس سال تک انکم ٹیکس کی چھوٹ اور ڈیوٹی فری مشینری کی سہولت موجود ہے۔


