لاہور (این این آئی) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے انرجی سیکٹر سے وابستہ چین کی سرمایہ کار کمپنی پاور چائنا کے وفد نے ملاقات کی۔ پیسک ہاؤس ڈیوس روڈ پر ہونے والی ملاقات میں پنجاب کے سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کے مواقع پر بات چیت کی گئی۔
چین کے سرمایہ کار گروپ نے پنجاب کے سپیشل اکنامک زون میں انرجی سیکٹر میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی۔ ڈائریکٹر ساؤتھ ایشیاء ریجن یاؤ چین یانگ نے کہا کہ ان کے گروپ نے پاکستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کر رکھی ہے اور کمپنی بھاشا ڈیم پر بھی کام کر رہی ہے۔
صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین نے کہا کہ پنجاب کے سپیشل اکنامک زونز ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی پہلی ترجیح بن چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین کا گروپ پنجاب کے کسی بھی سپیشل اکنامک زون میں انرجی سیکٹر میں سرمایہ کاری کرے اور حکومت ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔
صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت نہروں پر چھوٹے ہائیڈل پاور پراجیکٹس کی بھی پلاننگ کر رہی ہے اور پاور چائنا ان منصوبوں میں بھی حصہ لے سکتا ہے۔
اس موقع پر بتایا گیا کہ سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری پر دس سال تک انکم ٹیکس کی چھوٹ اور ایک مرتبہ ڈیوٹی فری مشینری کی درآمد کی سہولت موجود ہے۔ ملاقات میں چیئرمین پیڈمک اعظم شہزاد، سی او او علی معظم اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔


