لاہور (این این آئی) کسان کارڈ پروگرام کے تحت رقوم کی دستیابی میں تاخیر اور بینکوں میں رہنمائی کے فقدان پر پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے زراعت کے اجلاس میں غور کیا گیا۔ اجلاس کی صدارت رکن اسمبلی ذوالفقار علی شاہ نے کی۔
اجلاس میں امجد علی جاوید نے کہا کہ قرض کی ادائیگی کے بعد رہن شدہ جائیداد واگزار کرانے میں کسانوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ کسان کارڈ پروگرام کے مسائل حل کرنے کی ضرورت ہے۔
رانا محمد ارشد نے کہا کہ کسانوں کی شکایات کے موثر ازالے کیلئے فوری اقدامات کیے جائیں۔
ذوالفقار علی شاہ نے کہا کہ بینک عملے کی بہتر تربیت اور کسانوں کیلئے آسان شکایتی نظام تشکیل دینا ضروری ہے۔ تاکہ کاشتکاروں کو درپیش مشکلات کا فوری ازالہ ممکن بنایا جا سکے۔
اجلاس میں شوگر ملز کی جانب سے گنے کے کاشتکاروں کے واجبات کی ادائیگی میں تاخیر کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔ کمیٹی نے کاشتکاروں کے حقوق کا تحفظ اور معاوضہ مقررہ وقت پر ادا کرنے پر زور دیا۔


