لاہور پولیس کے شہداء کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے انسپکٹر رانا فاروق احمد کی 17ویں اور ہیڈ کانسٹیبل محمد امین کی 21ویں برسی منائی گئی۔ سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کی ہدایت پر ایس پی ہیڈ کوارٹرز محمد خالد سعید نے شہداء کی قبور پر حاضری دی اور پھولوں کی چادریں چڑھائیں۔
اس موقع پر پولیس کے دستے نے شہداء کی آخری آرام گاہوں پر سلامی دی اور فاتحہ خوانی کی۔
انسپکٹر رانا فاروق احمد 15 اکتوبر 2009ء کو ایف آئی اے بلڈنگ پر خودکش حملے میں شہید ہوئے تھے۔ ہیڈ کانسٹیبل محمد امین نے 15 اکتوبر 2005ء کو مجاہد اسکواڈ میں فرائض کی ادائیگی کے دوران جامِ شہادت نوش کیا تھا۔
سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ فرض کی راہ میں جان دینے والے افسران محکمہ پولیس کا قیمتی سرمایہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور پولیس کے 343 شہداء نے امن کے قیام کے لیے جانیں قربان کیں۔
بلال صدیق کمیانہ نے مزید کہا کہ شہداء کے اہلِ خانہ کی فلاح و بہبود اور ان کے ورثاء کو رہائش، تعلیم اور طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ ایس پی ہیڈ کوارٹرز محمد خالد سعید نے بھی اس موقع پر شہداء کی قربانیوں کو یاد کیا۔


