اسلام آباد (بین الاقوامی ڈیسک) کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل ریلیشنز کے چیئرمین الطاف حسین وانی نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بارودی سرنگ کے دھماکے میں چار شہریوں کی ہلاکت کی تحقیقات کرے۔
یہ واقعہ 12 اکتوبر کو آزاد جموں و کشمیر کے علاقے مدارپور میں پیش آیا جہاں بھارتی فوج کی نصب کردہ بارودی سرنگ پھٹ گئی۔
ایک ہی خاندان سے تعلق رکھنے والے چار نوجوان پینے کے پانی کی پائپ لائن کی مرمت کے دوران جاں بحق ہوئے۔ مقتولین میں سردار فیضان صغیر، سردار اشتیاق، سردار عاصم رفیق اور سردار وقاص شریف شامل ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق الطاف وانی نے اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندوں کو مشترکہ مراسلہ ارسال کیا۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ بھارتی اداروں نے بے گناہ شہریوں کو عسکریت پسند قرار دے کر حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کیا۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ بھارت پر دباؤ ڈالے کہ وہ عام شہریوں کی زندگی خطرے میں ڈالنے والی بارودی سرنگوں کا استعمال بند کرے۔ انہوں نے ایل او سی کے ساتھ بارودی سرنگوں کی جامع صفائی کا عمل شروع کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔


