انٹرنیشنل ڈیسک (صورتِ حال، DESK)۔ امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے لبنان کے صدر جوزف عون سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے اور حالیہ پیش رفت کی روشنی میں لبنان اور علاقے کی عمومی صورتِ حال کا جائزہ لیا ہے۔
عرب ٹی وی کے مطابق لبنانی صدارت نے ایکس پر جاری کردہ ایک بیان میں بتایا کہ بات چیت کے دوران لبنان کے جنوبی دیہات اور قصبوں پر مسلسل اسرائیلی جارحیت کے تناظر میں جنوب کی صورتِ حال پر بھی گفتگو کی گئی۔
بیان میں یہ اشارہ بھی دیا گیا کہ لبنانی صدر نے امریکی وزیرِ خارجہ سے مطالبہ کیا کہ وہ ان جارحانہ کارروائیوں کو روکنے کے لیے اسرائیل پر دباؤ ڈالیں۔ لبنانی صدر نے فریم ورک معاہدے کے نکات کی پابندی کرنے اور کسانوں کو اپنے کھیتوں تک رسائی دینے کا مطالبہ بھی کیا۔
گفتگو کے دوران صدر جوزف عون نے مؤقف اختیار کیا کہ لبنانی فوج اور سکیورٹی فورسز مسلح مظاہروں کو روکنے اور اسلحہ و بارود ضبط کرنے کے فیصلوں پر عمل درآمد میں اپنی ذمہ داریاں پوری کر رہی ہیں۔


