صوابی (صورتحال نیوز ڈیسک) ضلع صوابی کے 10 طلبا و طالبات کو پاک آسٹریا انسٹی ٹیوٹ آف اپلائیڈ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی کے تحت اعلیٰ تعلیم کے پروگرام کے لیے منتخب کر لیا گیا ہے۔ این این آئی کی 13 نومبر کی رپورٹ کے مطابق منتخب امیدواروں میں 5 طلبا اور 5 طالبات شامل ہیں، جنہیں آفر لیٹرز جاری کر دیے گئے ہیں۔
منتخب امیدوار بی ایس روبوٹکس اور بی ایس بایومیڈیکل انجینئرنگ ٹیکنالوجی میں تعلیم حاصل کریں گے۔ پروگرام کے تحت پاکستان میں ابتدائی تعلیم کے بعد تین سال جرمنی میں تعلیم کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔
رپورٹ کے مطابق فی طالب علم پروگرام کی تکمیل پر تقریباً 70 سے 75 لاکھ روپے اخراجات آئیں گے۔ اسکالرشپ میں مکمل ٹیوشن فیس، رہائش، جرمنی کا سفری خرچ اور دیگر متعلقہ اخراجات شامل ہیں۔
این این آئی کے مطابق منصوبے کی مالی معاونت سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، صوبائی وزیر عاقب اللہ خان اور سابق معاون خصوصی و رکن صوبائی اسمبلی حاجی رنگیز احمد خان کی کاوشوں سے فراہم کی جا رہی ہے۔


