لاہور (اسپورٹس ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ نے 25 اکتوبر 2026 کو پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ون ڈے میچ چھاتی کے سرطان سے آگاہی کے نام کرنے کا اعلان کیا ہے۔ پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کی تین ملکی سیریز کا چوتھا ون ڈے میچ بریسٹ کینسر آگاہی مہم کے تحت کھیلا جائے گا۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پنک ربن مہم کے تحت خصوصی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ قومی ٹیم میچ میں خصوصی گلابی کٹ پہنے گی جبکہ مہمان ٹیم کو بھی گلابی ربن پہننے کی دعوت دی جائے گی۔
پی سی بی کے مطابق میچ کے دوران پنک اسٹمپس استعمال ہوں گے اور بڑی اسکرینوں پر آگاہی پیغامات نشر کیے جائیں گے۔ چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد سید نے کہا کہ کرکٹ کی مقبولیت کو اس اہم پیغام کے لیے استعمال کرنا چاہتے ہیں۔


