کراچی (این این آئی) جامعہ کراچی نے داخلہ ٹیسٹ کے نتائج سے غیر مطمئن امیدواروں کو جوابی کاپیاں اور درست جوابات کی کلید دکھانے کے لیے اتوار کو چائنیز ٹیچرز میموریل آڈیٹوریم میں خصوصی انتظامات کیے۔ تعلیمی سال 2027 کے صبح کے پروگراموں میں داخلوں کے ٹیسٹ میں 20 شعبہ جات کے 6 ہزار 669 امیدواروں نے شرکت کی تھی۔
نتائج سے عدم اطمینان پر 95 امیدواروں نے جوابی کاپیاں دیکھنے کے لیے درخواستیں جمع کرائی تھیں۔ امیدواروں کو والدین اور سرپرستوں کے ہمراہ جوابی کاپیاں دکھائی گئیں اور متعلقہ جوابی کلید بھی فراہم کی گئی۔
شعبہ جانچ و امتحانات کی پروفیسر ڈاکٹر انیلا امبر ملک اور ڈائریکٹوریٹ آف ایڈمیشنز کی انچارج پروفیسر ڈاکٹر صائمہ اختر نے انتظامات کی نگرانی کی۔ امیدواروں اور والدین نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے اسے داخلہ ٹیسٹ کے عمل میں شفافیت اور اعتماد سازی کی جانب مثبت قدم قرار دیا۔


