لاہور (این این آئی) پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف معین ریاض قریشی کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ جیت لیا۔
لاہور کے ڈیفیمیشن ٹربیونل نے مختصر فیصلے میں معین قریشی کو عظمیٰ بخاری کو 8 کروڑ 40 لاکھ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیا ہے جبکہ تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔
عظمیٰ بخاری نے ڈیفیمیشن ایکٹ کے تحت نجی ٹی وی پروگرام میں معین قریشی کے بیان پر ہتک عزت کا دعویٰ دائر کیا تھا۔ معین قریشی نے الزام لگایا تھا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے دورہ پنجاب اسمبلی کے دوران عظمیٰ بخاری نے معاوضہ یافتہ افراد کو اسمبلی میں داخل کروایا تھا۔
عظمیٰ بخاری نے ان الزامات کو جھوٹا اور بدنیتی پر مبنی قرار دیا تھا۔
ٹربیونل کے مطابق معین ریاض قریشی نے ٹی وی پروگرام میں باتیں کرنے کا اعتراف کیا لیکن وہ اپنے الزامات کے حق میں شواہد پیش نہیں کر سکے۔ مقدمے میں عظمیٰ بخاری کی جانب سے وکیل علی بخاری نے دلائل دیے۔
تفصیلی فیصلہ جاری ہونے کے بعد مزید قانونی تفصیلات سامنے آئیں گی۔


