لاہور (بیوروچیف) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مذہبی بنیادوں پر تشدد کا شکار ہونے والے افراد کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ کوئی بھی مذہب تشدد کی ترغیب یا اجازت نہیں دیتا۔ مختلف عقائد رکھنے والوں پر تشدد کی حمایت کرنے والا کوئی مہذب معاشرہ نہیں ہو سکتا، مذہب اور عقیدے کی بنیاد پر تشدد قابل مذمت عمل ہے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ مسلمانوں کو مذہب کی بنیاد پر نشانہ بنایا جا رہا ہے اور بڑھتا ہوا اسلامو فوبیا اس کی مثال ہے۔ کئی دہائیوں سے کشمیر اور فلسطین میں مسلمانوں کو مذہبی عقائد کی بنیاد پر تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان ہر مذہب اور عقیدے کے ماننے والوں کو برابر احترام دیتا ہے۔ پاکستان کے سبز ہلالی پرچم میں سفید رنگ مختلف مذاہب کی نمائندگی کرتا ہے، سب پاکستانی ہیں اور ان میں کوئی تفریق نہیں۔ اقلیتوں پر اٹھنے والے ہاتھوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب مذہبی ہم آہنگی اور رواداری کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔ اپنے مذہب یا عقیدے کی بنیاد پر تعصب اور تشدد کو روکنا ہوگا، جبکہ معاشرے میں محبت، رواداری اور بھائی چارے کو فروغ دینا چاہیے۔ مذہبی تفریق اور نفرت کو ہوا دینے کی کوشش کرنے والوں کو شکست دینا ہوگی۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ عقیدے اور مذہب کی بنیاد پر تشدد و نفرت کا نشانہ بننے والے ہر مظلوم کے ساتھ ہیں اور رہیں گے۔ انہوں نے اپیل کی کہ تشدد اور تعصب کے خلاف کھڑے ہوں اور پُرامن و محفوظ معاشرے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔


