نئی دہلی (صورتِ حال، کرائم رپورٹر) بھارتی میڈیا کے مطابق دہلی اجتماعی زیادتی کیس میں پولیس نے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا ہے، جبکہ دو دیگر ملزمان کی تلاش جاری ہے۔ پولیس کے مطابق تین افراد نے خود کو پولیس اہلکار ظاہر کرتے ہوئے 17 سالہ لڑکی کو نشانہ بنایا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ ایک مندر کے قریب پارک میں پیش آیا، جہاں ملزمان نے لڑکی اور اس کے 17 سالہ دوست کو دھمکایا۔ رپورٹ کے مطابق ایک ملزم نے اسلحے اور چاقو کے زور پر لڑکی سے جنسی زیادتی کی، جس کے بعد دیگر دو ملزمان پر بھی زیادتی کا الزام ہے۔
پولیس کے مطابق سی سی ٹی وی کی مدد سے ملزمان کی شناخت کی گئی۔ بھارتی میڈیا نے پولیس کے حوالے سے بتایا کہ گرفتاری کی کوشش کے دوران ایک ملزم نے مبینہ طور پر پولیس پر تین فائر کیے، جس کے بعد پولیس کی فائرنگ سے وہ زخمی ہوا اور اسے گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار شخص پولیس اہلکار نہیں بلکہ مزدوری کے شعبے سے وابستہ ہے۔ دہلی اجتماعی زیادتی کیس میں بچوں کو جنسی جرائم سے تحفظ کے قانون سمیت متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دہلی میں گزشتہ 10 روز کے دوران کم عمر لڑکیوں سے زیادتی کا یہ چوتھا واقعہ سامنے آیا ہے۔


