پشاور (صورتِ حال، بزنس ڈیسک) – محکمہ خزانہ خیبرپختونخوا نے سرکاری فنڈز کے اجرا اور SAP سسٹم میں اندراج کے لیے سخت ضابطہ کار نافذ کر دیا ہے۔
مجاز اتھارٹی کی پیشگی منظوری یا ہدایت کے بغیر SAP (سیپ) سسٹم میں کسی بھی فنڈ کی اندراج پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
فنڈز کے اجرا میں تاخیر، غفلت یا قواعد کی خلاف ورزی کرنے والے افسران اور اہلکاروں کے خلاف انضباطی کارروائی کی جائے گی۔
نئے ضابطے کے تحت سالانہ ترقیاتی پروگرام (ADP) اور پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ پروگرام (PSDP) کے فنڈز کے اجرا کے لیے مقررہ فارمیٹس پر عمل لازمی ہے۔
ترقیاتی اور جاری بجٹ کے فنڈز کی روزانہ بنیادوں پر نگرانی کی ہدایت دی گئی ہے، اور ہر فنڈ کی اندراج صرف منظوری کی تاریخ پر کی جائے گی۔
فوری نوعیت کے فنڈز کے لیے بھی سیکرٹری خزانہ یا متعلقہ مجاز افسر کی پیشگی اجازت ضروری ہے۔
منظوری کے بغیر فنڈز کے اجرا کی سہولت استعمال نہیں کی جا سکتی، اور تاخیر کی صورت میں متعلقہ افسر کو مناسب وجہ ریکارڈ پر لانی ہوگی۔


