ریاض (صورتِ حال، انٹرنیشنل ڈیسک) سعودی ریڈیو و ٹیلی ویژن اتھارٹی نے ریڈیو کے مقابلوں میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ یہ اعزاز عرب ریڈیو اینڈ ٹیلی ویژن فیسٹیول کی چھبیسویں سالانہ تقریب کے دوران دیا گیا جس کی اختتامی تقریب تیونس کے دارالحکومت میں منعقد ہوئی۔ ریڈیو کے شعبے میں پہلا انعام کھیلوں کے پروگرام رحل تحدی یعنی چیلنج ٹور کے عنوان سے ہونے والے پروگرام پر دیا گیا۔ دوسری جانب اختتامی تقریب میں تیونس میں مقیم سعودی عرب کے سفیر محمد بن عبداللہ البریثن اور عرب ریڈیو و ٹیلی ویژن یونین کے صدر محمد فہد الحارثی سمیت مختلف ممالک کے سفارتکاروں اور رکن اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران ریڈیو اور ٹیلی ویژن کے مختلف شعبوں میں فیسٹیول کے انعامات تقسیم کیے گئے، جبکہ متعدد میڈیا نمائندوں کو بھی مختلف اعزازات سے نوازا گیا۔


