کراچی (اسپورٹس ڈیسک) قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر محمد عامر نے اوپنر بیٹر محمد حارث کو ایک اور موقع دینے کی درخواست کی ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے وائٹ بال کرکٹ کے لیے محمد حارث کو بہترین آپشن قرار دیا ہے۔
عامر نے سلیکٹرز پر زور دیا ہے کہ وہ اس نوجوان بلے باز کو اسکواڈ میں شامل کریں۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر انہوں نے حارث کی صلاحیتوں کا اعتراف کرتے ہوئے ٹیم میں شمولیت پر غور کی اپیل کی۔ عامر کا یہ بیان پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے وائٹ بال اسکواڈز کے اعلان کے بعد سامنے آیا ہے۔


