انٹرنیشنل ڈیسک
امریکی اداکارہ امبر ہرڈ سابق شوہر جانی ڈیپ کے ساتھ 2022 میں ہونے والی قانونی جنگ اور بچوں کی پیدائش کے بعد ہالی ووڈ سے دور اسپین میں نئی زندگی گزار رہی ہیں۔ امبر ہرڈ نے قانونی تنازع کے دوران جانی ڈیپ پر گھریلو تشدد اور جنسی زیادتی کے الزامات عائد کیے تھے تاہم وہ یہ مقدمہ ہار گئی تھیں۔
اس کے بعد انہوں نے کیلیفورنیا میں اپنا گھر فروخت کیا اور اسپین کے دارالحکومت میڈرڈ منتقل ہو گئیں تاکہ پرسکون زندگی گزار سکیں۔ بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق امبر ہرڈ نجی زندگی برقرار رکھنے کے لیے مارتھا جین کینری نام کا استعمال کر رہی ہیں۔
چالیس سالہ اداکارہ نے گزشتہ سال جڑواں بچوں کو جنم دیا تھا اور چند برسوں کے دوران خود کو میڈیا کی توجہ سے بڑی حد تک دور رکھا ہے۔
حال ہی میں انہوں نے اسپین کے شمالی ساحلی شہر سین سیبسٹیان میں اپنی پہلی ہاف میراتھن مکمل کی جس میں انہوں نے اکیس کلومیٹر کا فاصلہ ایک گھنٹہ انتالیس منٹ میں طے کیا۔
امبر ہرڈ اسپین میں اپنے تین بچوں اونا پیج اور جڑواں بچوں ایگنس اور اوشن کے ساتھ مقیم ہیں۔ ان کے سوشل میڈیا اکائونٹ پر گھر میں کھانا پکانے، یوگا، دوڑ اور خاندان کے ساتھ وقت گزارنے کی جھلکیاں نمایاں ہیں۔


