مظفرآباد (نیوز ڈیسک) آزادکشمیر کے سابق وزیراعظم اور ممبر قانون ساز اسمبلی راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے 8 اکتوبر 2005 کے زلزلے میں شہید ہونے والے انسانوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ انہوں نے آزادکشمیر میں تعمیر نو اور متاثرین کی آبادکاری کے لیے افواج پاکستان، عالمی برادری، این جی اوز اور مخیر حضرات کا شکریہ ادا کیا ہے۔
راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ شہداء زلزلہ کی عظیم قربانیوں نے ایک دردناک تاریخ رقم کی ہے جس کے زخم آج بھی تازہ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج مظفرآباد، باغ اور راولاکوٹ میں ہونے والی تعمیرات اور جدید سہولیات شہداء کی قربانیوں کا نتیجہ ہیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما نے کہا کہ جس طرح عالمی برادری نے تعمیر نو کے لیے فنڈز فراہم کیے اور افواج پاکستان نے ریسکیو آپریشن میں کلیدی کردار ادا کیا، وہ تاریخ کا درخشندہ باب ہے۔ انہوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ زلزلہ متاثرہ علاقوں کے منصوبوں بالخصوص تعلیمی اداروں کے لیے فنڈز مختص کیے جائیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت آزادکشمیر اپنے سو روزہ پلان میں تعلیمی و صحت کے مراکز کی عمارات اور انفراسٹرکچر کی بہتری کو ترجیح رکھے۔ اس کے علاوہ صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے کشمیری عوام کے مطالبات پر بجلی اور سبسڈی پر آٹا دینے کے لیے تئیس ارب روپے کی رقم مختص کی ہے۔


