یمن میں تازہ ترین لڑائی کے بعد سے دو لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔ اقوام متحدہ کے زیر انتظام ادارے انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن کے اعداد و شمار سے یہ بات سامنے آئی ہے۔
ادارے نے حوثیوں اور سرکاری فورسز کے درمیان لڑائی کے بحران کو تشویش ناک قرار دیا ہے۔ بے گھر ہونے والوں کی تعداد ستمبر کے وسط میں چھہتر ہزار سے بڑھ کر دو لاکھ ہو گئی ہے۔
بین الاقوامی تنظیم برائے ہجرت نے بتایا کہ یمن میں دو لاکھ ایک ہزار دو سو سترہ افراد کو گھر چھوڑنا پڑا۔ یہ تعداد تینتیس ہزار سات سو چھہتر خاندانوں کے برابر ہے۔
یکم ستمبر سے بے گھر ہونے والے افراد کی تعداد ایک لاکھ ستانوے ہزار سات سو پچپن ہے۔ انسانی ضروریات کے لیے فنڈز کی کمی کے پیش نظر بحران کی رفتار تشویش ناک ہے۔


