کراچی (بزنس ڈیسک) سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے والنٹری پنشن اسکیم کے تحت پیسو ایکویٹی سب فنڈ متعارف کرا دیا ہے۔ نئے فنڈ کی فراہمی یکم جنوری 2027 سے شروع ہوگی۔
اس کا مقصد پنشن بچت کنندگان کو اسٹاک مارکیٹ میں کم لاگت آپشن فراہم کرنا ہے۔
ایس ای سی پی کے مطابق یہ سب فنڈ مخصوص مارکیٹ انڈیکس کو ٹریک کرے گا۔ نیا فنڈ موجودہ ایکویٹی اور منی مارکیٹ سب فنڈز کے ساتھ لازمی دستیاب ہوگا۔
اس سے بچت کنندگان کو فعال اور پیسو فنڈز میں انتخاب کا موقع ملے گا۔
فنڈ مینیجرز اس فنڈ کو مارکیٹ انڈیکس ٹریک کرکے چلا سکیں گے۔ ایکسچینج ٹریڈڈ فنڈز کے آپشن میں سالانہ انتظامی فیس زیادہ سے زیادہ صفر عشاریہ سات پانچ فیصد ہوگی۔
چیئرمین ایس ای سی پی ڈاکٹر کبیر احمد سدھو نے کہا کہ نئے فنڈ سے پنشن بچت کنندگان کو بہتر انتخاب ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد طویل المدتی ریٹائرمنٹ بچت کے آسان مواقع فراہم کرنا ہے۔


