لاہور (اسپورٹس ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ کے 12 ویں ایڈیشن کی تاریخوں کا اعلان کر دیا ہے۔ پی سی بی کے مطابق پی ایس ایل 12 کا ایونٹ 18 مارچ سے 2 مئی 2027 تک کھیلا جائے گا۔
ایونٹ میں مسلسل دوسری مرتبہ آٹھ ٹیمیں حصہ لیں گی۔
پی ایس ایل کی ونڈو کو گورننگ کونسل اور فرنچائزز کی مشاورت سے حتمی شکل دی گئی ہے۔ گورننگ کونسل کا اجلاس یکم ستمبر کو لندن میں ہوا تھا جس میں تمام آٹھ فرنچائزز کے مالکان نے شرکت کی۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ایک اور شاندار سیزن کے انعقاد کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹیو افسر سلمان نصیر کے مطابق 2027 میں شائقین کی توقعات پوری کی جائیں گی۔
پی سی بی کے مطابق پی ایس ایل 12 کے شیڈول، وینیوز اور ٹکٹنگ کی تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔ واضح رہے کہ پشاور زلمی نے پی ایس ایل 11 کا ٹائٹل جیتا تھا۔


