پشاور (بیورو رپورٹ) خیبرپختونخوا میں ڈرون حملوں کے خطرے کے پیش نظر پولیس نے دفاع کا کم لاگت طریقہ اپناتے ہوئے حساس تھانوں پر حفاظتی جال نصب کر دیے ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق اب تک پشاور میں 31 حساس پولیس تنصیبات پر تقریباً 2 ہزار 81 میٹر جال نصب کیا جا چکا ہے۔
اس اقدام کا مقصد ڈرون سے گرائے جانے والے دھماکہ خیز مواد کے اثرات کو کم کرنا اور جانی نقصان سے بچنا ہے۔
اس عام نظر آنے والے حفاظتی جال میں ڈرون سے گرایا جانے والا پے لوڈ پھنس جاتا ہے جس سے براہ راست زمین پر گرنے کا خطرہ ٹل جاتا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ضرورت پڑنے پر صوبے بھر میں مزید حفاظتی جال بھی نصب کیے جائیں گے۔
حساس مقامات پر حفاظتی جال کے ساتھ اینٹی ڈرون سسٹمز اور گنز بھی ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں لگائی گئی ہیں۔ جال کی کارکردگی جانچنے کے بعد اسے تنصیبات پر لگانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔


