لاہور (کامرس ڈیسک) — خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی مسلسل کوششوں سے پاکستان کے خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اہم پیشرفت ہوئی ہے۔ پنجاب کے خصوصی اقتصادی زونز میں زیر التوا کاروباری درخواستوں کی منظوری کا عمل تیز ہوگیا ہے۔
ایس آئی ایف سی کی موثر سہولت کاری سے ستمبر کے دوران پنجاب کے خصوصی اقتصادی زونز میں 34 کاروباری درخواستوں کی منظوری دی گئی۔ اس عمل سے 76 ارب روپے سے زائد کی نئی سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہوئی ہے۔
ان منصوبوں سے ٹیکسٹائل، کیمیکلز، زرعی پروسیسنگ اور دیگر صنعتی شعبوں میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔ ان مختلف صنعتی شعبوں میں 7 ہزار سے زائد ممکنہ روزگار کے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے۔
ایس آئی ایف سی پاکستان کے اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے مسلسل سہولت کاری فراہم کررہی ہے۔ اسی سلسلے میں زیر التوا درخواستوں پر تیز رفتار پیش رفت اور منصوبوں کی منظوری کو اہمیت دی جارہی ہے۔


