لاہور (نیوز ڈیسک) وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق سے چینی صنعتی گروپ گرینڈ ٹاپ کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں سُتھرا پنجاب اور ماحول دوست منصوبوں پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
گرینڈ ٹاپ کی سی ای او مس یانگ چن جن نے پنجاب حکومت کو جدید سینی ٹیشن آلات فراہم کرنے کی پیشکش کی۔ فریقین نے صوبے میں لینڈ فل سائٹس اور ویسٹ ٹو انرجی کے شعبے میں تعاون کا جائزہ لیا۔
وزیر بلدیات نے بتایا کہ سُتھرا پنجاب کے تحت صوبے میں 150 ڈمپنگ سائٹس بنائی گئی ہیں۔ روزانہ جمع ہونے والے 50 ہزار ٹن ویسٹ کی ری سائیکلنگ میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
ذیشان رفیق نے کہا کہ پاکستان کو بجلی سے زیادہ گھریلو گیس کی ضرورت ہے۔ حکومت ویسٹ سے بائیوگیس کی تیاری کے منصوبوں کی ہر ممکن حوصلہ افزائی کرے گی۔
سی ای او مس یانگ چن جن نے کہا کہ چینی گروپ پنجاب کے ساتھ طویل المدتی شراکت کا خواہاں ہے۔ انہوں نے بائیوگیس اور واٹر ٹریٹمنٹ کے شعبے میں اپنا تجربہ پنجاب سے شیئر کرنے کا اعلان کیا۔


