نئی دہلی (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارت میں بی جے پی کو فائدہ پہنچانے کے لیے ووٹر فہرستوں میں ہیراپھیری اور تیرہ کروڑ سے زائد ووٹروں کے نام خارج کرنا مودی حکومت کو مہنگا پڑ رہا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ہیومن رائٹس واچ کا کہنا ہے کہ بھارت نے پرامن مظاہرین کے خلاف جابرانہ ہتھکنڈے استعمال کیے اور موبائل انٹرنیٹ سروسز معطل کر دیں۔
ہیومن رائٹس واچ نے کہا کہ احتجاج کی کوریج کرنے والے بھارتی صحافیوں کو ہراساں اور من مانی طور پر حراست میں لیا گیا۔ تنظیم نے مزید کہا کہ بھارتی چیف الیکشن کمشنر کے اقدامات سے مسلمان اور دیگر مذہبی اقلیتیں شدید متاثر ہو رہی ہیں۔
ہیومن رائٹس واچ کی ایشیا ڈائریکٹر ایلین پیئرسن نے کہا کہ دہلی پولیس پرامن احتجاج کے جواب میں غیر ضروری اور حد سے زیادہ طاقت کا استعمال کر رہی ہے۔
رائٹرز اور نیویارک ٹائمز سمیت عالمی میڈیا احتجاج کے دوران مودی کی بربریت اور جمہوریت کے کھوکھلے پن کو بے نقاب کر چکا ہے۔ احتجاج کو دبانے کے لیے جابرانہ ہتھکنڈوں کے بعد مودی حکومت کو عالمی سطح پر شدید تنقید کا سامنا ہے۔


