فائل فوٹو
ماموں کانجن میں واٹر فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح
فیصل آباد(14 ۔اکتوبر2026ء)صوبائی وزیر قانون رانا محمد اقبال نے ماموں کانجن فیصل آباد میں واٹر فلٹریشن آر او پلانٹ کا افتتاح کیا۔مقامی مخیر افراد بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر قانون نے کہا کہ عوام الناس کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کو پینے کے پانی کی فراہمی کے لئے نجی شعبہ کا اشتراک قابل تحسین ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب مخیر اداروں کی حوصلہ افزائی جاری رکھے ہوئے ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے دور میں تاریخی اقدامات جاری ہیں۔کسانوں،مزدوروں اور دیگر طبقات کی خوشحالی و ترقی کے لئے ہمہ وقت کوشاں اور موجودہ دور مثالی تعمیر و ترقی کا دور ہے۔
پبلک سکول پارکوں کی دیکھ بھال کریں گے
فیصل آباد(14 ۔اکتوبر2026ء)ڈویژنل پبلک سکول وکالج،ڈویژنل ماڈل کالج اور ساندل کالج کم ازکم ایک،ایک پارک اڈاپٹ کرکے ان کی دیکھ بھال کریں گے۔اس امر کا فیصلہ کمشنرفیصل آباد/پریذیڈنٹ بورڈ آف گورنرز پبلک سکول ڈاکٹر عمران حامد شیخ کی زیرصدارت اجلاس میں کیا گیا جس میں ڈائریکٹر سکولز سیل آصف اقبال چوہان سمیت پرنسپلز موجود تھے۔کمشنر فیصل آباد نے کہا کہ پبلک سکولز پارکس کی ذمہ داریاں نبھائیں گے جنہیں تفریحی سہولیات سے آراستہ کرنے کے ساتھ سرسبزو شاداب بنایا جائے گا۔انہوں نے ڈی پی ایس میں طویل اجلاس کے دوران پبلک سکولوں کے عرصہ دراز سے حل طلب مسائل کو حل کرایااور انتظامی و تدریسی امور کے متعلق تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے پالیسیز پر عملدرآمد کی منظوری دی۔انہوں نے کہا کہ ڈویژن کے پبلک سکولوں کو ٹاپ ادارے بنانا ترجیح ہے جس کےلئے دستیاب وسائل کو بروئے کارلایا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ معیاری تعلیم کے ساتھ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تربیت طالب علموں کےلئے ناگزیر ہے۔کمشنر نے پرنسپلز سے کہا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں اسی محنت،لگن اور تندہی سے انجام دیں تاکہ مطلوبہ مقاصد حاصل ہوسکیں
ساجد رحمان کو پی آئی ٹی بی کا تعریفی سرٹیفکیٹ
فیصل آباد(14 ۔اکتوبر2026ء)پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ(پی آئی ٹی بی)نے یونیفائیڈ کمیونیکیشن ایڈمنسٹریٹر کمشنر آفس فیصل آباد ساجد رحمان کو پیشہ وارانہ خدمات کے اعتراف میں تعریفی سرٹیفکیٹ دیا۔پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے چیف انفارمیشن آفیسر سجاد غنی نے منعقدہ تقریب میں ساجد رحمن کی انفارمیشن ٹیکنالوجی امور اور ویڈیو کانفرنسنگ کو احسن طریقے سے ہینڈل کرنے پر ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔یونیفائیڈ کمیونیکیشن ایڈمنسٹریٹر ساجد رحمن گزشتہ11 سال سے کمشنر آفس میں اپنے فرائض احساس ذمہ داری سے انجام دے رہے جو سرکاری ویڈیو کانفرنس سسٹم کو فعال اور مربوط رکھنے میں اہم کردار اداکررہے ہیں۔ساجد رحمان نے تعریفی سرٹیفکیٹ ملنے پر پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے حکام کا شکریہ اداکرتے ہوئے عزم کو دہرایا کہ وہ آئندہ بھی اسی ذمہ داری سے اپنے فرائض انجام دیں گے۔
انسداد سموگ: انسپکشن، جرمانے اور شاپنگ بیگز ضبط
فیصل آباد(14 ۔اکتوبر2026ء)انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی فیصل آباد کی طرف سے انسداد سموگ اقدامات بلاتعطل جاری ہیں۔ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر طاہر نے بتایا کہ گزشتہ دو روز میں ٹیموں نے مجموعی طور پر39،انڈسٹریل یونٹس کی انسپکشن کی اور سنگین خلاف ورزی پر ایک یونٹ کو سیل، دو کو بند کرنے کے علاوہ 9 کو ایس او پیز کی خلاف ورزی پر اصلاحی نوٹس جاری اور دو یونٹس کو2 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا۔انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر میں اینٹوں کے45 بھٹہ جات کی چیکنگ کے دوران35 کو نوٹس جاری اور ایک لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا۔اسی طرح دوران چیکنگ75 مائیکرون سے کم وزنی شاپر بیگ فروخت کرنے پر4 دکانوں/گوداموں سے2000کلوگرام سے زائد شاپنگ بیگز ضبط کرلئے گئے۔انہوں نے بتایا کہ فوڈ پوائنٹس پر سیکشن ہڈز نصب نہ ہونے پر13 مالکان کوآخری وارننگ جاری کی گئی۔علاوہ ازیں زیرتعمیر ڈویلپمنٹ سائٹس کا دورہ بھی کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ ریت اور مٹی لیکر جانے والی27 ٹرالیوں کے چالان کردیئے۔
ویٹرنری مراکز اور تولیدی سہولیات کا معائنہ
فیصل آباد(14 ۔اکتوبر2026ء)ڈائریکٹر لائیوسٹاک فیصل آباد و سرگودھا ڈویژن ڈاکٹر ساجد اقبال نے فیصل آباد اور ٹوبہ ٹیک سنگھ کے مختلف ویٹرنری مراکز اور تولیدی سہولیات کا تفصیلی دورہ کیا اور مویشی پال حضرات کو فراہم کی جانے والی طبی، تشخیصی، جراحی اور مصنوعی نسل کشی کی خدمات سمیت مجموعی محکمانہ کارکردگی کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے ایڈوانسڈ ویٹرنری ہسپتال فیصل آباد، جدید آپریشن تھیٹر، ایکسرے و الٹراساؤنڈ یونٹس، ضلعی سیمن سٹوریج سنٹر، سول ویٹرنری ہسپتال ٹھیکریوالہ، سول ویٹرنری ہسپتال پینسرہ اور کے اینڈ زیڈ سائرز سیمن پروڈکشن یونٹ نواں لاہور، ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کا معائنہ کیا۔انہوں نے مختلف مراکز میں عملے کی حاضری ، او پی ڈی ریکارڈ، ادویات و ویکسین کی دستیابی، کولڈ چین کے انتظامات، صفائی ستھرائی، جدید تشخیصی و جراحی آلات کی فعالیت اور سرکاری ریکارڈ کی تکمیل کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے ضلعی سیمن سٹوریج سنٹر اور سیمن پروڈکشن یونٹ میں سیمن کی پیداوار، معیار، محفوظ ذخیرہ کاری، ترسیل اور مصنوعی نسل کشی سے متعلق ریکارڈ و انتظامی امور کا بھی معائنہ کیا۔ڈائریکٹر لائیوسٹاک نے مویشی پال حضرات سے براہِ راست گفتگو کی اور محکمہ لائیوسٹاک کی جانب سے فراہم کردہ سہولیات، علاج معالجے اور دیگر خدمات کے معیار کے بارے میں ان کی آراء اور تجاویز حاصل کیں۔انہوں نے متعلقہ افسران اور فیلڈ سٹاف کو ہدایت کی کہ مویشی پال حضرات کو بروقت، معیاری اور مؤثر ویٹرنری خدمات کی فراہمی، سرکاری وسائل کے شفاف و منصفانہ استعمال، ریکارڈ کی درست اور بروقت تکمیل اور محکمانہ ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔انہوں نے سیمن یونٹ پروڈکشن کے دورہ کے دوران خصوصی طور پر ہدایت کی کہ سیمن کی پیداوار، ذخیرہ کاری اور مصنوعی نسل کشی کے تمام مراحل میں پنجاب لائیوسٹاک بریڈنگ ایکٹ اور متعلقہ قواعد و ضوابط، معیاری طریقہ کار اور سائنسی اصولوں کی مکمل پابندی کی جائے تاکہ جانوروں کی نسلی و جینیاتی بہتری، تولیدی صلاحیت میں اضافے اور لائیوسٹاک کی پیداواری استعداد کو فروغ دیا جا سکے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ مویشی پال حضرات کو معیاری خدمات کی فراہمی، محکمانہ امور میں شفافیت، مؤثر نگرانی اور کارکردگی میں مسلسل بہتری محکمہ لائیوسٹاک کی بنیادی ترجیحات ہیں، جن پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
فلٹریشن پلانٹس کی مانیٹرنگ اور این جی اوز کی تربیت
فیصل آباد(14 ۔اکتوبر2026ء)پاکستان کونسل آف ریسرچ ان واٹر ریسورسز فیصل آباد کی ٹیم نے ڈویژنل آفس سوشل ویلفیئر کا دورہ کیا اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر ہیڈ کوارٹرز طیب بھٹی سے ملاقات کی۔ضلعی آفیسر پاکستان کونسل آف ریسرچ ان واٹر ریسورسز نے پانی کی کوالٹی پر بریفنگ دی۔دونوں اداروں نے پانی پر کام کرنے والی این جی اوز کی تربیت کے لئے ورکشاپ کے انعقاد کا فیصلہ کیا۔اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ تنظیموں کی طرف سے لگائے گئے واٹر فلٹریشن پلانٹس کی بھی باقاعدگی سے مانیٹرنگ کرکے پانی کے معیار کو چیک کیا جائے گا۔
نصرت فتح علی خان کی 78ویں سالگرہ پر تقریب
فیصل آباد(14 ۔اکتوبر2026ء) موسیقی کی دنیا کے بے تاج بادشاہ اور عالمی شہرت یافتہ قوال استاد نصرت فتح علی خان کی 78ویں سالگرہ کے موقع پر استاد نصرت فتح علی خان اکیڈمی لندن، فیصل آباد کے زیر اہتمام لائلپور پکچرز گیلری، میونسپل لائبریری میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں ڈائریکٹر جنرل فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے) محمد آصف چوہدری نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب کے دوران سالگرہ کا کیک کاٹا گیا، استاد نصرت فتح علی خان کی زندگی کی نایاب اور تاریخی تصاویر کی نمائش کی گئی اور ان کی لازوال فنی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔تقریب میں اکیڈمی کے ڈائریکٹرز میاں بشیر احمد اعجاز، شاہد نسیم اور حمید شاکر، سیاسی رہنما رانا نعیم دستگیر، تاجر رہنما اسلم بھلی، سینئر صحافیوں مقبول لودھی اور جاوید صدیقی، ماہرینِ تعلیم شبیر قادری اور ریاض قادری، مقامی شعراء شہزاد بیگ اور کامران رشید سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات اور استاد نصرت فتح علی خان کے مداحوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے ڈی جی ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے کہا کہ استاد نصرت فتح علی خان پاکستان کا عظیم ثقافتی سرمایہ ہیں، جنہوں نے اپنی منفرد آواز اور لازوال فن کے ذریعے دنیا بھر میں ملک کا نام روشن کیا اور قوالی کو عالمی سطح پر نئی شناخت عطا کی۔ انہوں نے کہا کہ استاد نصرت فتح علی خان کی یاد میں ایسی تقریبات نئی نسل کو اپنے عظیم فنکاروں کی خدمات سے روشناس کرانے اور قومی ثقافتی ورثے کو محفوظ بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ محمد آصف چوہدری نے پکچرز گیلری میں استاد نصرت فتح علی خان کے خصوصی کارنر میں ان کی زندگی کی نایاب اور تاریخی تصاویر کی نمائش اور شاندار تقریب کے انعقاد پر فوٹو جرنلسٹ میاں بشیر احمد اعجاز کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہر کی تاریخ و ثقافت سے ان کی گہری دلچسپی اور تاریخی ورثے کے تحفظ کے لیے خدمات قابلِ تحسین ہیں؛ ایسی کوششیں فیصل آباد کی تہذیبی شناخت کو اجاگر کرنے اور آنے والی نسلوں تک منتقل کرنے میں نمایاں اہمیت رکھتی ہیں۔ سیاسی رہنما رانا نعیم دستگیر نے کہا کہ استاد نصرت فتح علی خان کی بے مثال گائیکی پاکستان کی پہچان ہے اور ان کی فنی عظمت کو خراجِ عقیدت پیش کرنا ہمارے لیے باعثِ فخر ہے۔فوٹو جرنلسٹ میاں بشیر احمد اعجاز نے کہا کہ استاد نصرت فتح علی خان کی نایاب تصاویر محفوظ کرنے کا مقصد ان کی زندگی، فن اور فیصل آباد سے وابستہ ثقافتی یادوں کو نئی نسل تک پہنچانا ہے۔ تاجر رہنما اسلم بھلی نے کہا کہ استاد نصرت فتح علی خان جیسے عظیم فنکار صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں اور ان کی خدمات کو زندہ رکھنا ہماری مشترکہ ثقافتی ذمہ داری ہے۔ تقریب کے دوران استاد نصرت فتح علی خان کی لازوال فنی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا اور ان کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی، جبکہ اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ان کے فن، موسیقی اور ثقافتی ورثے کو اجاگر کرنے کے لیے ایسی تقریبات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔


